انصاف کا تقاضہ
مُقدس یعقُوب ہمیں اِس بات سے مُتنبہ کرتا ہے کہ کلیسیا، سماجی اور کاروباری حلقوں میں طرفداری مسیحی رویہ نہیں ہے (یعقُوب2: 1-11)۔دراصل وہ ہمیں خُداوند یِسُوع مسیح کے سامنے عدالت کے لئے تیار کر رہا ہے۔ یہاں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ ہمیں ہر حال میں اپنے اَعمال کا حساب دینا ہو گا (رُومِیوں (12:14۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ خُداوند یِسُوع مسیح شرِیعت کو پورا کرنے کے لئےِ آیا ہے اور اَپنی صلیبی موت کے وسیلہ ہمیں اِس قابل بناتا ہے کہ ہم وہ کام کریں جس سے اُسے خُوشنودی حاصل ہو۔ (یعقُوب1: 25)۔ جب ہم خُداوند یِسُوع مسیح کو قبُول کرتے ہیں تو ہمیں مُحّبت اور شکرگذاری سے اُس کی تابعحفرمانی کر نالازم ہے لیکن اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو ہم خُداوند یِسُوع مسیح میں حاصل کردہ آزادی کا اِنکار کرتے اور دوبارہ غلامی کے جوئے میں جُوت جاتے ہیں۔
ہمارا اِیمان ہی ہمارے اَعمال اور ہمارے رویوں کا عکاس ہوتا ہے (لُوقا 6: 45) اور ایک دِن ہمیں خُداوند یِسُوع مسیح کے سامنے حاضر ہو کر اَپنے کہے اور کیئے کا حساب دینا ہو گا (متی 12: 36، رُومِیوں 14: 12، عِبرانیوں 4: 13، 1 پطرس 4: 5)۔اِس انتباہ کے بعد لازم ہے کہ ہم اَپنے طرزِ زِندگی پر غور کریں۔ اِنجیلِ مُقدس کا خاصہ یہ ہے کہ خُدانے اپنی مُحّبت ہم پر یوں ظاہر کیا کہ جب ہم گُنہگارہی تھے تو مسیح ہمارے لیے مُوا(رُومیوں 5: 6-8) اِس لئے کہ رَحم کے وسیلہ انصاف خُدا کے کِردار کی پہچان ہے۔ خُداوند یِسُوع مسیح کی قُربانی کے وسیلہ ہمارے گُناہوں کی مُعافی اور انصاف کی تکمیل ہوئی جِس سے ہم پر خُدا کا فضل ظاہر ہوتا ہے(طِطُس 3: 3-7)۔ اگر ہم اُن کے ساتھ رَحم نہیں کرتے جِن کو ضرورت ہے تو ہم یہ کیسے ظاہر کریں گے کہ ہم خُداوند یِسُوع مسیح کی پیروی کرتے ہیں؟ ہماری سخت دلی جو دُوسروں کی عدالت کرنا پسند کرتی ہے ایک دن ہمیں بھی عدالت کا سامنا کروائے گی۔اگرچہ یہ بات سخت معلوم ہوتی ہے لیکن مُقدس یعقُوب نے اِسے بالکل واضح کر دِیا ہے کہ ہم اِس پیغام کی سنجیدگی سے منہ نہیں موڑسکتے(عِبرانیوں 12: 25)۔ خُداوند چاہتا ہے کہ ہم بھی دُوسروں کے ساتھ ویسا ہی سلوک کریں جیسے اُس نے کیا (یُوحنا13: 14-17)۔جو خُدا کے اِس معیار پر پورا نہیں اُترتے وہ اُسے رنجیدہ کرتے ہیں اور یہ ایسا طرزِزِندگی ہے جو بے قدر بھوسے کی مانند ہے اور جِس پر خُدا کی عدالت کا آنا لازم ہے (1 کُرِنتھِیوں 3: 10-15)۔
مُقدس یعقُوب کی تعلیم کے مُطابق ہماری روزمرہ کی زِندگی میں ہمارے اِرد گرد بہت سے لوگ ہوتے ہیں مثلاً مزدور، صارفین، مددگار، اور مختلف پسِ منظر سے تعلُق رکھنے والے نیچلے طبقے کے لوگ جنہیں نفرت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، ہم اُنہیں عزت دیں۔ خاص طور پر اِیمانداروں کے ساتھ(گلتِیوں 6: 10) لیکن خُدا کی مُحّبت کا دائرہ صرف مسیحیوں ہی کے لئےِ نہیں بلکہ ہر کسی کے لئے ِہے کیونکہ خُداوند یِسُوع مسیح نے اپنی جان ہر ایک کے لئے ِدی ہے(1 یُوحنا 2:2)۔ لہذا اگر ہم خُداوند یِسُوع مسیح کی عزت کرتے ہیں تو ہمیں اِن سب لوگوں کی عزت کرنی چائیے۔ غیر مسیحیوں کے ساتھ ایسی مہربانی اُن کے اندر خُداوندیِسُوع مسیح کے لئے تلاش کی خواہش پیدا کر سکتی ہے۔
© Dr Paul Adams